101

انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کے وفد کی مری کیمپ میں‌شرکت .

کراچی (رپورٹ ارشد قریشی ) عالمی سطح پر قائم ریڈیو سننے والوں کی تنظیم انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کے ایک وفد نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری جناب مہر عبدالستار سلفی کی قیادت میں گذشتہ دنوں ریڈیو فیبا کی جانب سے منعقد کیئے جانے والے پانچ روزہ مری کیمپ میں شرکت کی ۔ ارلو پاکستان نے مری کے پر فضا مقام پر کیمپ کے کامیاب انعقاد پر ریڈیو فیبا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں دیگر نشریاتی ادارے بھی اپنے سامعین سے قریبی روابط اور ریڈیو کی ترویج کی خاطر اس طرح کے پروگرام ترتیب دیں گے۔ بلاشبہ اس جدید دور میں جہاں ریڈیو فیبا کا یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ سالانہ بنیاد پر سامعین کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں وہیں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے بہترین مثال قائم کرتے ہیں ۔

انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان ( ارلو ) ہمیشہ سے پیار و محبت، امن اور مذہبی رواداری کی پالیسی پر کاربند رہی ہے اور رہے گی۔ ارلو پاکستان کے لیئے یہ بات بھی قابلِ اطمینان اور باعثِ خوشی ہے کہ ریڈیو سامعین بغیر رنگ و نسل، مذہب و مسلک کی تفریق کے تمام نشریاتی اداروں سے جڑے ہوئے ہیں ۔ دینِ اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے سامعین دوستوں کا اسلامی نشریاتی اداروں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ارلو پاکستان کی پالیسی کو جلا بخشتی ہے ۔

انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان ( ارلو ) نے اپنے ان تمام ممبران وعہدیداران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی تنظیم کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے فیبا ریڈیو کے پانچ روزہ مری کیمپ میں شرکت کی اور اپنے نظم و ضبط سے ثابت کیا کہ ارلو پاکستان بغیر کسی تفریق کے ہر اس اقدام کی نہ صرف بھرپور تائید کرتی ہے بلکہ قدم سے قدم ملا کر چلتی بھی ہے جو ریڈیو کی ترویج کے لیئے اٹھائے جاتے ہیں۔

وفد میں شامل ارلو پاکستان کے عہدیداران و ممبران جناب مہر عبدالستار سلفی، جناب ملک تنویر ساقی، جناب سلیم اختر چدھڑ، جناب ارشد اقبال، مہر حسن علی اور دیگر نے تنظیم کے سلوگن جو اب دنیا بھر کے ریڈیو سامعین کا مقبول نعرہ بن چکا ہے کہ ریڈیو ماضی نہیں مستقبل ہے کا بھرپور پرچار کیا۔ مری کیمپ میں ارلو پاکستان کے ممبران نے ملک بھر سے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں