139

کراچی میں موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق.

ویب ڈیسک

موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سے 9 افراد جاں بحق کراچی میں مون سون کی موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کراچی میں طویل عرصے بعد مون سون کی موسلادھار بارش ہوئی، صبح سے ہی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبے بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے کل اسکولوں اور کالجوں کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔

بارش کے باعث شہری نظام بری طرح متاثر ہوگیا ہے، وفاقی اردو یونیورسٹی نے بھی کل ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے ہیں۔

کراچی میں 66 ملی میٹر سے زائد بارش نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی تمام تر دعوے بہہ گئے۔

شہر میں جگہ جگہ ٹریفک جام رہا، بیشتر سڑکیں زیر آب آگئی، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی علاقوں میں جمع ہوگیا ہے۔

بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کی شام تک جاری رہ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں