119

ریڈیو چین کی اردو نشریات کی 53ویں سالگرہ۔ ارشد قریشی

ریڈیو چین کی اردو سروس ایک کامیاب اور مقبول ترین سروس ہے جسے یکم اگست2019 کو پروگرام نشر کرتے ہوئے 53 برس ہوگئے۔ اردو نشریات کا آغاز یکم اگست 1966 کو ہوا جو پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشائی ملکوں میں سنی جاتی ہیں۔

چائینا ریڈیو انٹرنیشنل عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری ریڈیو اسٹیشن ہے جس کی نشریات کا آغاز تین دسمبر1941  کو ہوا، جس کی نشریات دنیا بھر میں سنی جاتی ہیں اور جس کا مقصد دنیا کو چین کے بارے میں آگاہ کرنا، چینی عوام اور دنیا کو ایک دوسرے سے قریب لانا ہے۔ چائینا ریڈیو انٹرنیشنل تینتالیس زبانوں میں اپنے پروگرام نشر کرتا ہے جس میں اردو زبان سر فہرست ہے۔

ریڈیو چین کے بارے میں یہاں کلک کر کے تفصیل
دیکھی جاسکتی ہیں

http://urdu.cri.cn/

ریڈیو چین کی اردو سروس ایک کامیاب اور مقبول ترین سروس ہے جسے یکم اگست2019  کو پروگرام نشر کرتے ہوئے 53 برس ہوگئے۔ اردو نشریات کا آغاز یکم اگست 1966 کو ہوا جو پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشائی ملکوں میں سنی جاتی ہیں۔ ریڈیو چین اردو سروس سے دن میں ایک گھنٹے کے پروگرام تین دفعہ نشر کیے جاتے ہیں۔ ابتدائی دور میں یہ نشریات میڈیم ویو کے علاوہ کلوہڑز پر ہی نشر کی جاتی تھیں لیکن جوں جوں ریڈیو نے اپنی شکل تبدیل کی اسی طرح ریڈیو چین کی نشریات میں بھی کئی تبدیلیاں رونما ہوئیں اور اب یہ نشریات مقامی ایف ایم ریڈیو کے تعاون سے ایف ایم 98 دوستی چینل کے ذریعے پاکستان کے کئی علاقوں میں نشر کی جاتی ہیں جبکہ اردو نشریات کے پروگرام انٹرنیٹ اور موبائیل ایپ کی ذریعے بھی سنے جاسکتے ہیں۔

ریڈیو چین سے نشر ہونی والی عالمی خبریں منصفانہ اور غیرجانبدارانہ ہوتی ہیں جبکہ حالات حاضرہ پر بہترین تجزیے بھی سننے کو ملتے ہیں۔ اردو سروس سے نشر ہونے والے پروگراموں کو بھی اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی ثقافت اور اس سے ہم آہنگ پاکستانی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق پروگرام نشر کیے جاتے ہیں اور پاکستانی طلبہ کے لیے بھی بہت سے پروگرام نشر کیے جاتے ہیں جن میں چین میں تعلیم پذیر طلبہ سے بات چیت پر مبنی پروگرام ہوتے ہیں۔ ان سے ان طلبہ کو بہت مدد ملتی ہے جو اعلی تعلیم کے لیے چین جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے خصوصی دنوں یا تہواروں کے حوالے سے بھی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں۔ ایک بہت دلچسپ بات یہ ہے کہ ریڈیو چین سے نشر ہونے والے پروگرام پاکستانی میزبانوں کے ساتھ ساتھ چینی میزبان بھی نشر کرتے ہیں جو نہایت عمدہ اردو بولتے ہیں جبکہ چینی زبان سیکھنے کے خواہش مند اردو سروس سے روزانہ کی بنیاد پر نشر ہونے والے پروگرام ‘آئیے چینی سیکھیں’ سے با آسانی چینی زبان سیکھ سکتے ہیں۔

ریڈیو چین کی اردو سروس سننے والوں کی جہاں بڑی تعداد دنیا بھر میں ہے وہیں ایک بہت بڑی تعداد میں ریڈیو چین کے سامعین پاکستان میں بھی موجود ہیں جو باقاعدگی سے ان پروگراموں کو سنتے ہیں اور ان کے بارے میں اپنی رائے بھی دیتے ہیں۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں ریڈیو چین سننے والے سامعین نے سامعین کلب یا سامعین سوسائٹی بھی بنائی ہوئی ہیں جن کے تحت اکثر چینی ثقافتی نمائشیں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ ریڈیو چین کا عملہ بھی اپنے سننے والے سامعین سے مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور پروگراموں کو خوب سے خوب تر بنانے کے لیے سننے والوں سے مشورے لیے جاتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات
بہت پرانےاور مستحکم ہیں اور ریڈیو چین کا اس حوالے سےکردار ہمیشہ اہم اور قابل تعریف رہا ہے۔

یہاں کلک کرکے انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کی سرگرمیوں کو دیکھا جاسکتا ہے
https://www.facebook.com/groups/irlopak

ریڈیو چین کی اردو سروس کی جانب سے اپنے سننے والوں کے درمیان کئی انعامی مقابلے بھی منعقد کیے جاتےرہے ہیں اور ماضی میں کئی ایسے بھی انعامی مقابلے کرائے جاتے ہیں جن میں کامیابی حاصل کرنے والے سامع کو ریڈیو چین اردو سروس کی جانب سے چین مدعو کیا جاتا ہے۔ گذشتہ 53 برسوں میں کئی سامعین چین کی سیر کرچکے ہیں۔ ریڈیو چین کا ریڈیو پیکنگ کے نام سے چلنے والا یہ کارواں آج تک نہایت کامیابی سے رواں دواں ہے جس کا موجودہ نام چائینا ریڈیو انٹرنیشنل ہے۔ ان53 سالوں میں ریڈیو چین کی اردو نشریات سننے والے سامعین میں بہت اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں جہاں ریڈیو سننے والوں کی کئی تنظیم موجود ہیں وہیں پاکستان میں ریڈیو سامعین کی ایک منظم تنظیم انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان ( ارلو پاکستان ) موجود ہے جس کے ممبران دنیا بھر میں ریڈیو سننے والے لوگوں ہیں ۔ ارلو پاکستان کے تحت سوشل میڈیا پر ریڈیو کے حوالے سے کئی فورم موجود ہیں جہاں ریڈیو کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی دی جاتی ہے ۔ ارلو پاکستان کا سلوگن ہے کہ ” ریڈیو ماضی نہیں مستقبل ہے ” تنظیم کے تحت ریڈیو کے حوالے سے کئی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔ چائینہ ریڈیوانٹرنیشنل کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں ارلو پاکستان کے ممبران کا بڑا کلیدی کردار ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں