27

بھارتی ہائی کمشنر کو پاکستان چھوڑنے کا حکم ۔

ویب ڈیسک
پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان نے نئی دلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

مودی حکومت نے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت  ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، بھارت کے اس اقدام کی پاکستان سمیت دنیا بھر اور خود بھارت میں شدید تنقید کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرنے اور بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے آپشن پر غور کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود اور تجارتی تعلقات کو مکمل ختم کرنے پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک کو بھارت کا اصل چہرہ دکھایا جا ئے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں