17

کراچی میں گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش۔

ویب ڈیسک

خلیجِ بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سندھ میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ میں گرج
چمک کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہو گیا۔

کراچی کے متعدد علاقوں میں محکمہ ٔ موسمیات کی گزشتہ روز کی پیش گوئی کے مطابق آج علی الصباح بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو بتدریج موسلا دھار بارش میں تبدیل ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا در، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی سمیت کراچی بھر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی بارش سے سڑکوں پر کیچڑ جمع ہو گئی جس سے چلنے والی گاڑیوں کی وجہ سے چھینٹیں اڑنے سے شہریوں بالخصوص بائیک سواروں کے کپڑے بھی خراب ہونے لگے۔

کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نکاسی نہ ہونے کے سبب سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونا شروع ہو گیا۔

کراچی شہر کی تقریباً تمام ہی مویشی منڈیاں کچی زمین پر قائم ہیں اور نکاسی کا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے پانی سے مویشی منڈیوں کی زمین کیچڑ کے جوہڑوں میں تبدیل ہونے لگی جس سے خریداروں، بیوپاریوں اور مویشیوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے

بارش شروع ہوتے ہی شہر کی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو گئے۔

کراچی کے متعدد علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں سے بارش کے دوران ٹوٹے ہوئے تاروں، کھمبوں اور بجلی کی دیگر تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ بارشوں میں کراچی میں متعدد افراد کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں جاں بحق ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں